بیوہ سہارا کارڈ اسکیم 2026
حکومت پنجاب کے مطابق اس اسکیم کا مقصد بیوہ خواتین کو معاشی سہارا فراہم کرنا ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا اور انہیں خود کفیل بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے.
اعلامیے کے مطابق مالی امداد کی رقم خاندان کی نوعیت اور بچوں کی تعداد کے مطابق مختلف ہوگی.
ایک بچے کی کفالت کرنے والی بیوہ کو 1 لاکھ 25 ہزار روپے (اضافی 25 ہزار روپے کے ساتھ) جبکہ دو یا زائد بچوں کی کفالت کرنے والی خواتین کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے (اضافی 50 ہزار روپے کے ساتھ) تک امداد دی جائے گی. بنیادی امدادی رقم 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے.
حکام کے مطابق سکیم کا آغاز فروری 2026 سے کیا جائے گا جبکہ رجسٹریشن کا عمل 14 مارچ تک جاری رہے گا.
درخواست گزار کا پنجاب کا مستقل رہائشی ہونا اور بیوہ ہونا لازمی شرط ہے.
اس کے علاوہ نادرا سے تصدیق شدہ شناختی کارڈ، شوہر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور بچوں کا ب فارم جمع کروانا ہوگا.
درخواست جمع کروانے کے لیے دو طریقہ کار متعارف کرائے گئے ہیں.
بیوہ خواتین آن لائن پورٹل کے ذریعے یا قریبی رجسٹریشن مراکز سے رابطہ کر کے اپنی درخواست جمع کرا سکتی ہیں.
حکام کا کہنا ہے کہ تمام درخواستوں کی بائیو میٹرک تصدیق اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد شفاف انداز میں امدادی رقم فراہم کی جائے گی.
پنجاب حکومت نے اس اقدام کو خواتین کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے.
حکومت کا کہنا ہے کہ بیوہ سہارا کارڈ اسکیم کے ذریعے ہزاروں ضرورت مند خواتین کو فوری مالی ریلیف فراہم کیا جائے گا اور انہیں باعزت زندگی گزارنے میں مدد ملے گی.